آڑو کا تعارف، ذائقہ، پیداوار، استعمال، مصنوعات، غذائی اجزاء، فوائد، علاج، تاریخی آئینہ، خواب کی تعبیر

اُردو نام: آڑو

English Name: Peach

Scientific Name: Prunus persica

 

آڑو 🍑

Peach 🍑

 

آڑو سرخ اور پیلے رنگ کا گول شکل میں ایک لذیذ پھل ہے۔ اسے شفتالو بھی کہتے ہیں۔ انگریزی زبان میں اسے پیچ (Peach) کہتے ہیں۔ اس کا سائنسی نام (Prunus persica) ہے۔ اس کا آلو بخارا، چیری، بادام اور خوبانی کے خاندان سے تعلق ہے۔

آڑو کا رنگ سبز ہوتا ہے لیکن پکا ہوا آڑو تھوڑے سرخ اور پیلے رنگ کا ہوتا ہے۔ اس کا گودا سفید، پیلا اور سرخ ہوتا ہے۔ اس کے اندر ایک گٹھلی ہوتی ہے جو بڑی سخت ہوتی ہے اس گٹھلی میں گری ہوتی ہے جو کئی ادویات میں استعمال کی جاتی ہے۔ آڑو کا درخت تین یا چار سال کی عمر میں پھل دینا شروع کرتا ہے اور 8 سے 10 سال تک پھل دیتا ہے موافق آب و ہوا کے علاقوں میں 30 سال تک بھی دے سکتا ہے۔

 

👈 ذائقہ:

آڑو کا ذائقہ خام ترش اور پختہ شیریں ہوتا ہے۔

 

👈 پیداوار:

دنیا میں آڑو کی سالانہ پیداوار 1,22,355 ٹن ہے۔ دنیا میں پیدا ہونے والے آڑو کا پانچواں حصہ امریکہ میں پیدا ہوتا ہے۔ چھٹا حصہ اٹلی میں پیدا ہوتا ہے پھر روس، فرانس، چین، سپین، یونان، ارجنٹائن، جاپان، ترکی، میکسیکو، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، بھارت اور پاکستان کا نمبر آتا ہے۔ امریکی تیس ریاستوں میں آڑو کمرشل طور پر کاشت کیا جاتا ہے۔ سب سے زیادہ کمرشل پیداوار امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ہے۔ جہاں سے آڑو ایکسپورٹ بھی کیا جاتا ہے۔

 

👈 استعمال:

ذائقہ کے طور پر تازہ آڑو کھایا جاتا ہے۔ امریکہ میں بغیر گٹھلی والا آڑو زیادہ پسند کیا جاتا ہے جس میں رس زیادہ ہوتا ہے اور نرم بھی ہوتا ہے جسے بوڑھے لوگ آسانی سے کھا لیتے ہیں۔ اس کا نام البرٹا (Alberta) ہے۔ گٹھلی والا آڑو ٹن پیک ڈبوں میں بند کر کے سارا سال استعمال ہوتا ہے اسی صورت میں ایکسپورٹ بھی کیا جاتا ہے۔ آڑو کی کچھ پیداوار سردخانوں میں رکھ دی جاتی ہے جو موسم گزرنے کے بعد مارکیٹ میں لائی جاتی ہے اس طرح آڑو باقی تمام پھلوں کی طرح سارا سال دستیاب رہتا ہے۔ آڑو کی پیداوار کا کچھ حصہ خشک بھی کر لیا جاتا ہے جو بیکری کی کئی مصنوعات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکہ اور یورپ میں خشک پھل ادویات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

 

👈 مصنوعات:

آڑو سے مربہ جات تیار کئے جاتے ہیں۔ آڑو کا سکوائش اور شربت بھی تیار ہوتا ہے۔ اسے مختلف سویٹ ڈشوں اور ادویات بنانے میں استعمال کیا جاتا ہے۔ آڑو کی کریم بھی تیار کی جاتی ہے جو کئی اقسام کے اعلیٰ کیک میں بطور فلنگ ڈالی جاتی ہے۔ یورپی ممالک میں آڑو کی کریم فروٹی آئس کریم پر ڈال کر کھائی جاتی ہے۔ فروٹ کیک میں آڑو کے اجزاء شامل کئے جاتے ہیں۔ آڑو سے امریکہ اور یورپ میں شراب بھی بنائی جاتی ہے۔

 

👈 غذائی اجزاء:

100 گرام آڑو میں 8 گرام کاربوہائیڈریٹ، ایک گرام پروٹین، 38 حرارے اور ایک گرام ریشہ (پھوک) پایا جاتا ہے۔

 

👈 آڑو کے فوائد:

مزاج کے اعتبار سے آڑو سرد ہوتا ہے۔ یہ معدہ اور جگر کو طاقت دیتا ہے۔ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔ اس کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کے کھانے سے خون کی گرمی رفع ہو جاتی ہے۔ گرمی کی وجہ سے طبیعت میں جو گھبراہٹ ہوتی ہے وہ دور ہو جاتی ہے۔ آڑو کی گٹھلی میں جو گری ہوتی ہے اس کا تیل نکال کر کان میں چند قطرے ٹپکانے سے کان کا درد ختم ہو جاتا ہے۔ یہ تیل بہرہ پن کے لئے مفید ہے۔ آڑو منہ میں خوشبو پیدا کرتا ہے۔ گرمی کی وجہ سے بھوک کم ہو گئی ہو تو آڑو کھانے سے بھوک بڑھ جاتی ہے۔ گرمی کے بخار میں آڑو مفید ہے۔ یہ سرد مزاج کا پھل ہے۔ گرام مزاجوں کے لئے مفید ہے۔ آڑو معدہ کو نرم کرتا ہے۔ گردوں کو تقویت دیتا ہے۔

 

👈 علاج:

جسم پر پھنسیاں نکل آئیں تو آڑو کی گٹھلی بھون کر مغز نکال لیں اور پیس کر پھنسیاں پر لگائیں۔ آرام آ جائے گا۔

پرانی تپ دق ہونے کی صورت میں آڑو کے 30 گرام پتے کالی مرچ کے ساتھ پیس کر صبح کے وقت پانی کے ساتھ چند دن پی لیں۔ مرض دور ہو جائے گی۔

جسم پر اگر سفید داغ دھبے پڑ جائیں تو تازہ آڑو کا گودا پیس کر چند دنوں تک داغوں پر لگائیں داغ مٹ جائیں گے۔

پیٹ میں ریاحی درد ہو تو آڑو کے رس میں اجوائن کا سفوف ملا کر پلائیں، درد بند ہو جائے گا۔ دو تین دن تک یہ عمل جاری رکھیں۔

پیٹ میں کیڑے پیدا ہو گئے ہوں تو آڑو کے درخت کے پتے کاٹ کر ان کا پانی نچوڑ لیا جائے اس سے پیٹ کے کیڑے مر جائیں گے۔

پیٹ میں سے کیڑوں کو نکالنے کا دوسرا عمل یہ ہے کہ آڑو کے رس میں ہینگ چھڑک کر پلائیں۔ اس سے آنتوں کے کیڑے خارج ہو جائیں گے۔

گردن کے پچھلے حصے میں اگر پھنسیاں نکل آئیں تو آڑو کی گٹھلی بھون کر اس کی گری نکال لیں اسے پیس کر لگائیں۔ ایک دو دفعہ لگانے سے پھنسیاں ختم ہو جائیں گی۔ گری نکالنے سے پہلے گردن کو پانی سے دھو کر کسی سوتی کپڑے سے خشک کر لیں پھر گری کی لیپ کریں۔

نکسیر کے مریض کے لئے آڑو کے آٹے کو پانی میں گوندھ کر سر پر لیپ کریں۔ دو تین دفعہ یہ عمل کرنے سے نکسیر ہمیشہ کے لئے پھوٹنا بند ہو جائے گی۔

 

👈 آڑو تاریخی آئینے میں:

زرعی سائنس دانوں کی تحقیق کے مطابق آڑو کا آبائی وطن چین ہے۔ چار ہزار سال پہلے آڑو کا پہلا پودا چین میں دریافت ہوا۔ رومنوں نے آڑو کو یورپ میں پھیلایا۔ سپین کے ملاحوں نے آڑو کو امریکہ میں متعارف کروایا۔ 1500ء میں آڑو کی کاشت امریکہ میں شروع ہوئی۔ 1600ء میں اسے یورپی ممالک میں کاشت کیا گیا۔ موجودہ دور میں آڑو سب سے زیادہ امریکہ میں پیدا ہوتا ہے۔ اس صدی میں آڑو کی دریافت میکسیکو میں ہوئی۔ پھر اس کے بیچ ہندوستان لے آئے ان میں جنگلی آڑو کو ملا کر نئی اقسام تیار کی گئیں جو کامیاب ہوئیں پھر اسے کینڈا میں کاشت کیا گیا۔

 

👈 خواب کی تعبیر:

آڑو کے درخت کو خواب میں دیکھنے پر مال و دولت کی بشارت بتائی جاتی ہے۔ خاتون خواب میں آڑو دیکھے تو لڑکی پیدا ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ زرد آڑو خواب میں دیکھنے سے بیماری آنے کی علامت بتائی گئی ہے۔ میٹھا آڑو کھانے سے مال و نعمت حاصل ہونے کا اشارہ ملتا ہے۔ خاتون میٹھا آڑو خواب میں کھائے تو نیک بخت فرزند پیدا ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

 

👈 حوالہ:

کتاب: پھلوں سے علاج

مرتبہ: ولی محمد بھٹی

صفحہ نمبر: 9 تا 13

#MAhmadZoologist 

Comments