گوہ چھپکلی کا تعارف، خوراک، پھیلاؤ، جسامت، تولید، وغیرہ

اُردو نام: گوہ چھپکلی

English Name: Bengal Monitor Lizard

Scientific Name: Varanus bengalensis

 

گوہ چھپکلی کو انگریزی زبان میں Bengal Monitor Lizard یا Common Indian Lizard کہا جاتا ہے۔ یہ چھپکلی برِصغیر (پاک و ہند) کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیاء اور مغربی ایشیاء میں پائی جاتی ہے۔ یہ بڑی چھپکلی زیادہ تر خشکی پر رہتی ہے۔ اس کی لمبائی تھوتھنی سے دُم تک 61 تا 175 سینٹی میٹر یا 24 تا 69 انچ ہوتی ہے۔

چھوٹی چھپکلیاں درختوں پر رہتی ہیں جبکہ بالغ چھپکلیاں زمین پر ہی شکار کرتی ہیں۔ ان کی خوراک میں کیڑے مکوڑے، چھوٹے زمینی جانور، پرندے، انڈے اور مچھلیاں شامل ہیں۔

یہ نوع مشرقی ایران، افغانستان، بھارت، نیپال، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش اور بَرما (میانمار) میں پائی جاتی ہے۔ یہ اکثر زرعی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ گوہ چھپکلیاں عموماً اکیلے زمین پر رہتی ہیں جبکہ ان کے بچے درختوں پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ چھپکلیاں زمین میں بِل کھود کر یا پتھروں اور عمارتوں کی دراڑوں میں چھپ جاتی ہیں۔ گوہ چھپکلی دن کے وقت تقریباً 6 بجے کے بعد سرگرم ہوتی ہے۔ سرد موسم میں یہ چھپکلی اپنی سرگرمی کم کر کے چھپ جاتی ہے۔ گوہ چھپکلی خوراک کی دستیابی کے لحاظ سے اپنا علاقہ بدل سکتی ہے۔

یہ عام طور پر شرمیلی ہوتی ہیں اور انسانوں سے الگ رہتی ہیں۔ ان کی نظر تیز ہوتی ہے اور تقریباً 250 میٹر کے فاصلے سے انسان کو پہچان سکتی ہیں۔ یہ عموماً کاٹتی نہیں لیکن جب اس کو پکڑا جائے تو کاٹ بھی سکتی ہے۔

اگرچہ یہ زرعی زمین پر پائی جاتی ہے لیکن یہ بڑے درختوں والے جنگلات کو ترجیح دیتی ہے۔ کیپٹیویٹی میں ان کی عمر 22 سال تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کے شکاریوں میں اژدھے، ممالیہ جانوروں اور پرندوں کے شکاری شامل ہیں۔

جون تا ستمبر ان کا تولیدی موسم ہے۔ مادہ چھپکلی ہموار زمین کھود کر گھونسلہ بناتی ہے اور اس میں انڈے دیتی ہے۔ یہ بعض اوقات دیمک کے ٹیلے کو گھونسلہ بنانے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ مادہ چھپکلی ایک موسم میں 20 انڈے دیتی ہے۔ انڈوں سے 168 سے 254 دن میں بچے نکل آتے ہیں۔ تقریباً 40 تا 80 فیصد انڈوں سے بچے نکلتے ہیں۔

گوہ چھپکلی زمین پر کافی تیز بھاگتی ہے۔ خطرہ محسوس ہو تو چھوٹے بچے درختوں پر چڑھ جاتے ہیں جبکہ بڑی چھپکلیاں زمین پر بھاگنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ارد گرد کے ماحول کو واضح دیکھنے کے لیے یا نَر گوہ آپس میں لڑتے وقت پچھلی ٹانگوں پر کھڑے ہو جاتے ہیں۔ یہ چھپکلی پانی میں تَیر بھی سکتی یے اور تقریباً سترہ منٹ تک پانی میں غوطہ لگا سکتی ہے۔ گوہ درختوں اور جھاڑیوں کو چھپنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔

گوہ چھپکلی سارا دن سرگرم رہتی ہے۔ بالغ چھپکلیاں درختوں کے سیدھے تنوں پر چڑھ جاتی ہیں جہاں وہ چمگادڑوں کا شکار کرتی ہیں۔ یہ چھپکلی کئی قسم کے جانوروں کو بطور خوراک استعمال کرتی ہے۔ چھوٹی چھپکلیاں بغیر ریڑھ کی ہڈی کے جانوروں کا شکار کرتی ہیں، جیسا کہ بیٹل اور ان کے لاروے، کیڑے، کنکھجورے، بچھو، کیکڑے، گھونگھے، دیمک اور چیونٹیاں وغیرہ۔ اِن کے علاوہ بڑی چھپکلیاں ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کا شکار بھی کرتی ہیں، جس میں مینڈک، مچھلیاں، چھپکلیاں، سانپ، چوہے، گلہریاں، خرگوش اور پرندے شامل ہیں۔ اس چھپکلی کی خوراک موسم اور علاقے کے اعتبار سے مختلف ہوتی ہے۔

گوہ چھپکلیاں انسانوں کے لیے غیر زہریلی ہیں لیکن یہ اپنے دفاع کے لیے کاٹ سکتی ہیں۔

#MAhmadZoologist

Comments